باجوڑ: ماموند میں جنگلی تیندوا ہلاک، ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج

مقامی ارکانِ اسمبلی کی گرفتاریاں ہونے پر احتجاج کی دھمکی

July 20, 2026 · قومی

باجوڑ: ( نمائندہ امت) تحصیل ماموند میں گزشتہ روز ایک جنگلی تیندوا (شرمخ) مقامی افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ مقامی افراد کے مطابق تیندوے نے گاؤں میں تین گائیوں پر حملہ کرکے انہیں نقصان پہنچایا تھا، جس کے بعد دیہاتیوں نے اسے مار دیا۔

دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ محکمہ کا مؤقف ہے کہ جنگلی تیندوے کا شکار قانوناً ممنوع ہے، اس لیے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ خبر پہلے مقامی اور بعد ازاں بین الاقوامی میڈیا پر بھی نمایاں ہوئی، جس کے بعد سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں اس حوالے سے متضاد آراء اور تجاویز سامنے آئیں۔

واقعے نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب علاقے کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حمید اور سابق رکن قومی اسمبلی گل ظفر نے مقدمے کے اندراج پر سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ ایم پی اے ڈاکٹر حمید نے کہا کہ اگر مقامی افراد کو گرفتار کیا گیا تو باجوڑ میں محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔

دریں اثنا، اطلاعات ہیں کہ صوبائی محکمہ وائلڈ لائف اس واقعے پر سخت قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ ملوث افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔