مانسہرہ،ناران میں شدید بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ سے جھیل روڈ بند

سڑک کی بندش کے باعث مختلف مقامات پر سیاحوں کی متعدد گاڑیاں اور جیپیں پھنس گئیں، تاہم متاثرہ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

July 21, 2026 · قومی

مانسہرہ اور گرد و نواح میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو آئندہ تین سے چار روز تک غیر ضروری طور پر ناران اور دیگر بالائی علاقوں کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

شدید بارشوں کے باعث ناران میں فلیش فلڈ آنے سے جھیل روڈ پر بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں سڑک ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دی گئی۔ سڑک کی بندش کے باعث مختلف مقامات پر سیاحوں کی متعدد گاڑیاں اور جیپیں پھنس گئیں، تاہم متاثرہ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق سڑک کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کی بھاری مشینری موقع پر پہنچ چکی ہے اور ملبہ ہٹانے کے ساتھ راستہ کھولنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔

ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں کی مکمل بحالی تک ناران اور دیگر بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔ حکام نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے متعلق تازہ معلومات ضرور حاصل کریں اور متعلقہ اداروں کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔