راولپنڈی رنگ روڈ آئندہ ماہ ٹریفک کے لیے کھولے جانے کا امکان
47 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی تقریباً 38 کلومیٹر طویل رنگ روڈ کا مرکزی حصہ مکمل ہو چکا ہے،
راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کو ٹریفک کے لیے کھولنے میں مزید تقریباً ایک ماہ لگنے کا امکان ہے، جبکہ منصوبے کے مختلف حصوں پر باقی ماندہ تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق 47 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی تقریباً 38 کلومیٹر طویل رنگ روڈ کا مرکزی حصہ مکمل ہو چکا ہے، تاہم باڑ کی تنصیب، نکاسی آب کے نظام، انٹرچینج ریمپ اور دیگر تکمیلی کاموں کی تکمیل ابھی باقی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چکری، خاصہ اور چک بیلی خان کے مقامات پر انٹرچینج ریمپ کی تعمیر جاری ہے، جنہیں آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف مقامات پر نالوں اور نکاسی آب کے نظام پر بھی کام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے بعض تعمیراتی مراحل میں مجوزہ آرام گاہ سے متعلق این او سی کے معاملے کے باعث کچھ عرصہ کام متاثر رہا، تاہم اب تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ معمول کے مطابق جاری ہیں۔
رنگ روڈ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آنے اور بھاری ٹریفک کو شہری علاقوں سے باہر منتقل کرنے میں مدد ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔