پنجاب میں اربن فلڈنگ اور فلیش فلڈ کا خطرہ،پی ڈی ایم اے کا الرٹ
اس وقت دریائے سندھ میں کالا باغ اور دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 24 جولائی تک صوبے کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ اور فلیش فلڈ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس وقت دریائے سندھ میں کالا باغ اور دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ دیگر اہم دریاؤں اور بیراجوں پر پانی کا بہاؤ مجموعی طور پر معمول کے مطابق ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
ادارے نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی مقدار بڑھ سکتی ہے۔ اسی سلسلے میں ڈیرہ غازی خان کے رودکوہی علاقوں کے لیے فلیش فلڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی اور بہاولنگر ڈویژن میں شہری سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں، غیر ضروری طور پر دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔