مستونگ میں گاڑی پر فائرنگ، 2 خواتین جاں بحق، 3 افراد زخمی

واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید معلومات سامنے آنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

July 21, 2026 · قومی

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی دو خواتین جاں بحق جبکہ دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ منگوچر کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ گاڑی میں سوار دیگر تین افراد زخمی ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کا تعلق ضلع ژوب سے ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید معلومات سامنے آنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔