راولپنڈی،کرایہ طلب کرنے پرغیر ملکی خاتون کا ٹیکسی ڈرائیور پر تشدد

کرایے کے تنازع پر غیر ملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں جھگڑے میں تبدیل ہو گئی

July 21, 2026 · قومی

راولپنڈی(اُمت نیوز)راولپنڈی کے سید پور روڈ، پنڈوڑا بازار کے علاقے میں ایک غیر ملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور کے درمیان مبینہ جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، تاہم واقعے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعووں کے مطابق کرایے کے تنازع پر غیر ملکی خاتون اور ٹیکسی ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ کرایہ طلب کرنے پر خاتون نے ڈرائیور پر مبینہ حملہ بھی کیا۔

ویڈیو میں رات کے وقت سڑک کنارے ایک خاتون اور ایک شخص کو جھگڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ اردگرد موجود افراد انہیں الگ کرنے اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔

تاحال پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ سوشل میڈیا پر کیے جانے والے دعووں کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔