آزاد کشمیر انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ، سردار یعقوب خان کا چیف الیکشن کمشنر کو خط
موجودہ امن و امان کی صورتحال میں آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انتخابات کا انعقاد ایک چیلنج بن سکتا ہے۔
مظفرآباد: سابق صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو خط ارسال کر دیا ہے۔
خط میں سردار محمد یعقوب خان نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ امن و امان کی صورتحال میں آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انتخابات کا انعقاد ایک چیلنج بن سکتا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لے۔
سردار یعقوب خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ انتخابات ایسے ماحول میں کروائے جائیں جہاں عوام بغیر کسی خوف کے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔ ان کے مطابق صرف مقررہ تاریخ پر پولنگ کرانا کافی نہیں بلکہ محفوظ اور شفاف انتخابی ماحول فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔
خط میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور سول انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں سے رپورٹس طلب کی جائیں۔
سابق وزیراعظم نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور دیگر اہم فریقین سے مشاورت کی جائے تاکہ زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے درخواست کی کہ اگر حالات سازگار نہ ہوں تو 27 جولائی 2026 کے عام انتخابات کو مناسب مدت کے لیے مؤخر کیا جائے، تاکہ شہری پُرامن اور محفوظ ماحول میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔