وزیراعظم شہباز شریف کا گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے نئی حکومت کے ساتھ تعاون کا عزم
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے نومنتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ملاقات کی، جس میں خطے کے مختلف امور، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے امجد حسین کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ علاقے کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبہ اور دانش اسکولوں کے قیام جیسے منصوبے بھی زیر غور ہیں، جبکہ عوامی سہولت کے لیے گلگت میں پاکستان آسان خدمت سینٹر بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔