بانی ایم کیو ایم کے خلاف نعرے بازی کیس دوبارہ کھول دیا گیا،پانچ ملزمان گرفتار

بانی ایم کیو ایم کے علاوہ خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، رؤف صدیقی، کنور نوید، وسیم اختر، قمر منصور اور محمود حسین سمیت دیگر افراد کے نام شامل

July 21, 2026 · قومی

کراچی: بانی ایم کیو ایم کے خلاف حکومت اور ریاست مخالف نعرے بازی سے متعلق مقدمہ دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جبکہ کیس میں گرفتار پانچ ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزمان سید حمید پاشا، محمد تحسین، محمد عمر، مرزا وسیم اور آفاق عالم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 23 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں مزید ملزمان کی گرفتاری اور شناخت پریڈ کا عمل مکمل کرنا مقصود ہے، جس کے لیے پولیس نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی۔

مقدمے میں بانی ایم کیو ایم کے علاوہ خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، رؤف صدیقی، کنور نوید، وسیم اختر، قمر منصور اور محمود حسین سمیت دیگر افراد کے نام شامل ہیں، جبکہ ایک ہزار سے بارہ سو نامعلوم افراد کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ 12 مئی 2016 کو مزار قائد کے قریب شاہراہ قائدین بند کرنے اور حکومت و ریاست کے خلاف نعرے بازی کے الزام میں درج کیا گیا تھا۔