آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات تین مراحل میں کرانے کا فیصلہ، نیا شیڈول جاری
انتخابی شیڈول میں تبدیلی کا مقصد انتظامی امور کو مؤثر بنانا، سکیورٹی انتظامات بہتر کرنا، انتخابی عملے کی بروقت تعیناتی اور شفاف، منظم و پُرامن پولنگ کو یقینی بنانا ہے۔الیکشن کمیشن
مظفرآباد: الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات تین مراحل میں کرانے کا اعلان کرتے ہوئے نیا انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں پولنگ ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرینِ جموں و کشمیر کے انتخابی حلقوں میں ووٹنگ کرائی جائے گی۔ تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات منعقد ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ہر مرحلے کے انتخابات کے نتائج پولنگ کے روز ہی جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم مہاجرینِ جموں و کشمیر کے 12 حلقوں میں بھی 2 اگست کو ووٹنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبات مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ انتخابات نئے شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی شیڈول میں تبدیلی کا مقصد انتظامی امور کو مؤثر بنانا، سکیورٹی انتظامات بہتر کرنا، انتخابی عملے کی بروقت تعیناتی اور شفاف، منظم و پُرامن پولنگ کو یقینی بنانا ہے۔
کمیشن نے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز پر زور دیا کہ وہ ضابطۂ اخلاق کی مکمل پابندی کریں اور انتخابی عمل کو پُرامن بنانے کے لیے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں۔
واضح رہے کہ میرپور ڈویژن میں 13، مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرینِ جموں و کشمیر کے مجموعی طور پر 21 جبکہ پونچھ ڈویژن میں 11 نشستوں پر انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔