وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی ہم منصب سے ملاقات

پاکستان بین الاقوامی سرمایہ جاتی منڈیوں تک بہتر رسائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید بہتری اور خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں اضافے کے لیے امریکی تعاون کا خواہاں ہے۔

July 22, 2026 · قومی

وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے امریکی ہم منصب سکاٹ بیسنٹ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام، معاشی اصلاحات اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال کے پاکستانی معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ جاتی منڈیوں تک بہتر رسائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید بہتری اور خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں اضافے کے لیے امریکی تعاون کا خواہاں ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، امریکی سرمایہ کاری میں اضافے اور باہمی اقتصادی منصوبوں پر پیش رفت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔