رائیونڈ بائی پاس پر دو فیکٹری کوسٹرز میں تصادم، 21 افراد زخمی

دونوں ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

July 22, 2026 · قومی

لاہور کے علاقے رائیونڈ بائی پاس مانگا منڈی کے قریب دو فیکٹری کوسٹرز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد ایک کوسٹر الٹ گئی جبکہ دوسری گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے انڈس اسپتال رائیونڈ منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا۔ انہوں نے دونوں ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات میں تیز رفتاری، غفلت یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رفتار کو قابو میں رکھیں اور محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔