وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف حکام سے اہم ملاقاتیں

مالیاتی استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلاتِ زر، محصولات کی وصولی اور کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

July 23, 2026 · قومی

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی پروگرام اور مستقبل کی اقتصادی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر، مشرقِ وسطیٰ و وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر اور پاکستان کے لیے مشن چیف سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے لیے جاری ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) اور ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) سمیت آئی ایم ایف پروگرام کے مختلف پہلوؤں اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف حکام کو ملکی معیشت میں بہتری سے متعلق مختلف اشاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالیاتی استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلاتِ زر، محصولات کی وصولی اور کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

گفتگو کے دوران ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں بہتری، نجکاری، ٹیرف اصلاحات، قرضوں کے مؤثر انتظام، مالیاتی ذرائع میں تنوع اور عالمی سرمایہ کاری کی منڈیوں تک پاکستان کی رسائی جیسے اہم اقتصادی موضوعات بھی زیرِ بحث آئے۔

دونوں فریقین نے انسانی وسائل کی ترقی، خواتین کی معاشی شمولیت، ٹیکنالوجی کے فروغ، آبادی سے متعلق چیلنجز اور نجی شعبے کی قیادت میں برآمدات بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اصلاحاتی ایجنڈے پر تعاون اور پروگرام پر پیش رفت کے اعتراف پر آئی ایم ایف انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، پالیسیوں کے تسلسل اور طویل المدتی معاشی اصلاحات کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔