بشریٰ بی بی کے جیل سیل سے متعلق مریم وٹو کے نئے انکشافات
سیل میں نہ مناسب وینٹی لیشن ہے، نہ کھڑکیاں موجود ہیں، جبکہ گرمی کے موسم میں بھی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔
اسلام آباد: سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کی بہن مریم وٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل میں بشریٰ بی بی کو نامناسب حالات کا سامنا ہے اور انہیں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مریم وٹو نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے انہیں خود بتایا تھا کہ ان کے سیل میں گٹر کا ڈھکن کھلا رہتا ہے، جس کی وجہ سے چوہے اندر آ جاتے ہیں نماز کی ادائیگی کے دوران بھی چھت سے چوہے گرنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔
مریم وٹو کا مزید دعویٰ تھا کہ بارش کے موسم میں سیل میں بجلی کا کرنٹ آ جاتا ہے اور بشریٰ بی بی کو دو مرتبہ الیکٹرک شاک بھی لگا۔ انہوں نے کہا کہ سیل میں نہ مناسب وینٹی لیشن ہے، نہ کھڑکیاں موجود ہیں، جبکہ گرمی کے موسم میں بھی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بشریٰ بی بی کو ٹیلی ویژن دیکھنے یا دیگر افراد سے رابطے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ ان کے کھانے اور دیگر سہولیات کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں۔
مریم وٹو نے کہا کہ جب بشریٰ بی بی کو ماضی میں کچھ عرصے کے لیے رہائی ملی تھی تو اس دوران انہوں نے خود انہیں جیل کے حالات سے آگاہ کیا تھا۔