پنجاب میں بارشوں اور سیلاب سے 21 افراد جاں بحق، 154 زخمی ہوئے: پی ڈی ایم اے

جاں بحق افراد میں 9 مرد، 4 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 67 مرد، 41 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں۔

July 23, 2026 · قومی

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں 25 جون سے 22 جولائی تک ہونے والی مون سون بارشوں اور سیلابی واقعات کے دوران مختلف حادثات میں 21 افراد جاں بحق جبکہ 154 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد، 4 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 67 مرد، 41 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ 5 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ اٹک، جھنگ اور پاکپتن میں 3، 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔ اس کے علاوہ خوشاب، میانوالی، چنیوٹ، سیالکوٹ، فیصل آباد، گجرات اور ساہیوال میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے پنجاب بھر میں 38 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 37 گھروں کو جزوی جبکہ ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ گوجرانوالہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا، جہاں 9 گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ میانوالی، مظفرگڑھ، جھنگ، منڈی بہاؤالدین اور دیگر اضلاع میں بھی گھروں کو نقصان ریکارڈ کیا گیا۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔