لاہور: بارش کے دوران موٹر سائیکل حادثہ، دو سگے بھائی جاں بحق
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 18 سالہ حمزہ ولد عارف اور 16 سالہ حسن ولد عارف کے نام سے ہوئی، جو لاہور سے قصور جا رہے تھے۔
لاہور: بارش کے دوران پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو سگے بھائی جان کی بازی ہار گئے۔ یہ حادثہ سینٹر پارک سے قصور جانے والی سڑک پر گیٹ نمبر 2 کے قریب اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 18 سالہ حمزہ ولد عارف اور 16 سالہ حسن ولد عارف کے نام سے ہوئی، جو لاہور سے قصور جا رہے تھے۔
اطلاع ملنے پر ٹریفک پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ضروری کارروائی مکمل کی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بارش کے باعث سڑک پر پھسلن ہونے سے موٹر سائیکل بے قابو ہوئی، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران انتہائی احتیاط سے گاڑی یا موٹر سائیکل چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں، رفتار کو مناسب رکھیں اور پھسلن والی سڑکوں پر غیر ضروری اوور اسپیڈنگ اور خطرناک اوور ٹیکنگ سے مکمل گریز کریں۔
لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ خراب موسم میں ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ قیمتی جانوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔