مستونگ میں قومی شاہراہ پر فائرنگ،سیشن جج اور گن مین شہید، ایڈیشنل جج زخمی

واقعہ دن 11 بجے کے بعد پیش آیا، جب سیشن جج اور ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ سے اپنی ڈیوٹی کے لیے سیشن کورٹ مستونگ جا رہے تھے

July 23, 2026 · قومی

مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین محمد زمان شہید ہو گئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کوئٹہ سے سیشن کورٹ مستونگ اپنی ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

ایس ایچ او مستونگ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین محمد زمان موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ (N-25) کو مستونگ کیڈٹ کالج چوک سے تاحکمِ ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر سے قبل شاہراہ کی موجودہ صورتحال معلوم کریں یا متبادل راستے اختیار کریں۔