بڑھتی آبادی سب سے بڑا چیلنج،وزیراعظم۔نیشنل پاپولیشن کونسل کااجلاس جلدبلانے کی ہدایت

مؤثر اقدامات کیے جانے چاہییں، عوامی آگہی بڑھانے کی ہدایت

فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے آبادی پر قابو پانے کے اقدامات اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھنے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں بہبود آبادی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے اور آبادی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہییں، بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے، آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی اور معاشی استحکام سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بہبود آبادی سے متعلق اقدامات کے لیے صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی مزید بہتر بنائی جائے، بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے مؤثر عوامی آگہی مہم کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔