استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم کانفرنس میں انتخابی اتحاد، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق

مختلف حلقوں میں کس جماعت کا امیدوار انتخاب لڑے گا اور دوسری جماعت اس کی حمایت کرے گی

July 23, 2026 · قومی

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے درمیان آئندہ عام انتخابات کے لیے انتخابی اتحاد پر اتفاق ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کے درمیان ہونے والی تفصیلی ملاقات میں مختلف انتخابی حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے اصولی فارمولے کی منظوری دی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ انتخابات کے بعد بھی باہمی سیاسی تعاون، مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے سیاسی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ خطے میں مؤثر سیاسی کردار ادا کیا جا سکے۔

بیان کے مطابق مختلف حلقوں میں کس جماعت کا امیدوار انتخاب لڑے گا اور دوسری جماعت اس کی حمایت کرے گی، اس حوالے سے حتمی فیصلہ مشترکہ رابطہ کمیٹی کرے گی، جو جلد اپنی سفارشات اور فیصلوں کا اعلان کرے گی۔

ملاقات کے دوران دونوں قائدین نے ملکی سلامتی، امن و استحکام اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر سمیت قومی اہمیت کے معاملات پر مضبوط اور واضح مؤقف اختیار کرنے کی کوششوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔

اس انتخابی اتحاد کو آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے اثرات مختلف انتخابی حلقوں میں دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔