فیصل آباد میں تین بچوں کو زہر دینے کے بعد والد کی موت،بچے اسپتال منتقل

ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود اظہر جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔

July 23, 2026 · قومی

 فیصل آباد: فیصل آباد کے نواحی علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے تین بچوں کو زہریلا کھانا کھلا دیا اور بعد ازاں خود بھی زہریلی چیز کھا لی، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ صدر کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 46 سالہ اظہر نے مبینہ طور پر اپنے بچوں کو کھانے میں زہریلا مادہ ملا کر کھلا دیا۔ بعد ازاں اس نے بھی خودکشی کی غرض سے زہریلی چیز استعمال کر لی۔

ریسکیو ٹیموں نے اطلاع ملنے پر متاثرہ بچوں اور ان کے والد کو فوری طور پر الائیڈ اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود اظہر جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔

اس واقعے میں متاثر ہونے والے بچوں میں 11 سالہ دعا، 6 سالہ اریز اور 4 سالہ عشال شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں بچوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے باعث ان کی جان بچا لی گئی، تاہم ان کی حالت تاحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفی گزشتہ کچھ عرصے سے بے روزگار تھا اور مالی مشکلات کا سامنا کر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

حکام نے بتایا کہ واقعے کے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جبکہ اہل خانہ اور قریبی افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی وجوہات اور محرکات کے بارے میں حتمی مؤقف اختیار کیا جائے گا۔