کرغزستان میں اسحاق ڈار کی ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات،علاقائی صورتحال پرتبادلہ خیال

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر پاک ایران تعلقات کا جائزہ

July 24, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر کرغزستان کے شہر جولیون اتا میں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے جون 2026 میں اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے علاقائی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا۔انہوں نے ایرانی ماہی گیروں اور عملے کے ارکان کی محفوظ واپسی میں پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا، جن میں وہ افراد بھی شامل تھے جو امریکی حکام کی جانب سے روکے گئے جہازوں پر سوار تھے۔

عباس عراقچی نے ایرانی، امریکی اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ پاکستان کی قریبی رابطہ کاری کو بھی سراہا، جس کے ذریعے ان افراد کی پاکستان سے محفوظ آمدورفت اور ایران واپسی کو یقینی بنایا گیا۔

دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔