قصور میں مکان کی چھت گر گئی،7 سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق
بجلی کے کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔
قصور کے نواحی علاقے ڈھنگ شاہ میں مسلسل مون سون بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے 7 سالہ بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ رات کے وقت پیش آیا، جب بارش کے باعث کمزور مکان کی چھت اچانک منہدم ہوگئی۔ ملبے تلے دبنے والے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائی کی گئی، تاہم 7 سالہ بچے اور ایک بزرگ شہری کو بچایا نہ جا سکا۔
ادھر لاہور میں مون سون بارش کا دوسرا اسپیل وقفے وقفے سے جاری رہا، جہاں موسلا دھار بارش کے باعث متعدد سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر رہی، جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں میں احتیاط اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔