دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند، فصلیں زیرِ آب،ریلیف کیمپس قائم
دریائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث کمالیہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے حفاظتی اقدامات مزید تیز کر دیے ہیں۔
ایس ڈی او ایریگیشن کے مطابق مل فتیانہ کے مقام سے تقریباً 50 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے، جبکہ دریائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ممکنہ خطرے کے پیش نظر انتظامیہ نے مل فتیانہ، کوٹ پٹھانہ، اڈا کلیرا، موضع تارا، حویلی مائی صفوراں، کوٹ کرم شاہ اور ڈیڈھی سمیت مختلف علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
سیلابی پانی داخل ہونے کے باعث مل فتیانہ، خان دا چک، جھلار سگلہ، شہابل شاہ، بستی پیپل والا اور موضع درسانہ میں کھڑی فصلیں زیرِ آب آ گئی ہیں، جس سے کسانوں کو مالی نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ایس ڈی او ایریگیشن نے دریائی بیلٹ میں رہنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور امدادی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔