کراچی:صدر پاسپورٹ آفس میں ایف آئی اے کا چھاپہ، 6 ملزمان گرفتار

گرفتار ہونے والے دیگر افراد میں محمد سلیمان، عدنان حیدر، طاہر عزیز اور انس شامل ہیں۔

July 25, 2026 · قومی

کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل نے صدر پاسپورٹ آفس میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث دو سرکاری اہلکاروں اور چار ایجنٹس کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس کے ڈیٹا انٹری آپریٹر اظہار الحق اور سپورٹ اسٹاف کے رکن غلام شبیر کو حراست میں لیا گیا، جبکہ گرفتار ہونے والے دیگر افراد میں محمد سلیمان، عدنان حیدر، طاہر عزیز اور انس شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ وہ باہمی ملی بھگت سے درخواست گزاروں سے ترجیحی بنیادوں پر پاسپورٹ کی کارروائی مکمل کرانے کے عوض رقم وصول کرتے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہر درخواست گزار سے تیز رفتار کارروائی کے لیے تقریباً دو ہزار روپے وصول کیے جاتے تھے۔

ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹ ٹوکن، بینک چالان، مالی لین دین سے متعلق شواہد، موبائل فونز اور ان میں محفوظ مختلف ویزوں اور قومی شناختی کارڈز کی تصاویر بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید شواہد اکٹھے کرنے اور معاملے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔