بارش کے باعث چھتیں منہدم،لاہور میں3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔

July 25, 2026 · قومی

لاہور میں بارش کے باعث چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں مسلسل بارش کے دوران ایک بوسیدہ مکان کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے ایک ہی خاندان کے میاں، بیوی اور ان کی بیٹی کو نکالا، تاہم تینوں جانبر نہ ہو سکے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلسل بارش کے باعث مکان کی کمزور چھت گرنے سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا، جبکہ خاندان کی ایک دوسری بیٹی محفوظ رہی۔

دوسری جانب لاہور کے بیدیاں روڈ پر بھی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا، جہاں لدھڑ اسٹاپ کے قریب مکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق بیدیاں روڈ پر گرنے والی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی۔ اطلاع ملنے پر اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ملبے سے نکالا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔

حکام کے مطابق بارشوں کے دوران بوسیدہ اور کمزور تعمیرات والے مکانات کے گرنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔