رائے ونڈ میں شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل، ایک ملزم گرفتار
ویڈیو میں چند افراد کو ایک شہری پر ڈنڈوں اور اسلحے کے زور پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے
لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں شہری پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔
ویڈیو میں چند افراد کو ایک شہری پر ڈنڈوں اور اسلحے کے زور پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں وسیم سمیت 7 افراد مبینہ طور پر ملوث ہیں۔
متاثرہ شہری کے اہلخانہ کے مطابق ملزمان نے حویلی سے جانور لے جانے سے روکنے پر ملازم طفیل کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد حویلی کے مالک ندیم سرور کی مدعیت میں رائے ونڈ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم سبحان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔