پی ڈی ایم اے کی مون سون بارشوں اور دریاؤں کی تازہ صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری
نارووال، جہلم اور گجرات میں بھی شدید بارشیں ہوئیں، تاہم لاہور، دریائے راوی اور دریائے ستلج کی صورتحال فی الحال معمول کے مطابق ہے
لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں اور دریاؤں کی تازہ صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن سب سے زیادہ متاثر رہے، جبکہ متعدد دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر عباس نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نارووال، جہلم اور گجرات میں بھی شدید بارشیں ہوئیں، تاہم لاہور، دریائے راوی اور دریائے ستلج کی صورتحال فی الحال معمول کے مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ نالہ ڈیک اور نارووال کے قریب آنے والے شگاف کو فوری طور پر بند کر دیا گیا، جبکہ شیخوپورہ میں حفاظتی بند میں آنے والا رخنہ بھی بروقت مرمت کر کے صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔
عمر عباس کے مطابق مون سون سے قبل بڑے نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے انتظامات اور واسا سمیت متعلقہ اداروں کو جدید مشینری کی فراہمی کے باعث گزشتہ برس کے مقابلے میں اس بار شہری علاقوں میں پانی کم جمع ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران پنجاب بھر میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 22 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 183 افراد زخمی ہوئے۔ تمام اضلاع میں امدادی ٹیمیں متحرک ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بوسیدہ عمارتوں میں رہنے، بجلی کی لٹکتی تاروں کے قریب جانے اور ندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے بعد دریائے چناب میں خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مرالہ اور تریموں کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے راوی کے بلوکی اور سدھنائی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہے۔ تاہم جسڑ، شاہدرہ، دریائے جہلم کے منگلا اور رسول، اور دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس پر صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی نالوں میں اس وقت کوئی غیر معمولی بہاؤ ریکارڈ نہیں ہوا، البتہ نالہ پلکھو میں وزیرآباد کے مقام پر درمیانے درجے کی صورتحال برقرار ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں اور دریاؤں، بیراجوں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔