مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں،ترقی کی ضمانت ہماری ہے:رانا ثناء اللہ

گزشتہ دور میں آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا اور اگر عوام نے دوبارہ اعتماد کیا تو بجٹ میں مزید نمایاں اضافہ کیا جائے گا

July 25, 2026 · قومی

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی انتخابی مہم کے آخری روز وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔

دونوں رہنماؤں نے حلقہ ایل اے 13 کھائی رٹہ اور ایل اے 9 تھکیال فتح پور سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں کارکنوں اور مقامی افراد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ جلسوں کے دوران متعدد مقامی برادریوں اور عمائدین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان بھی کیا، جبکہ پارٹی قیادت نے نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی پرچموں والے اسکارف پہنائے۔

اپنے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے گزشتہ دور میں آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا اور اگر عوام نے دوبارہ اعتماد کیا تو بجٹ میں مزید نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا مطلب ترقیاتی منصوبوں، عوامی خوشحالی اور انتخابی وعدوں کی تکمیل ہے۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت خطے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

دورے کے دوران رانا ثناء اللہ اور انجینئر امیر مقام مرحوم پارٹی کارکن ملک عاشق پرویز کی رہائش گاہ بھی گئے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت، فاتحہ خوانی اور اظہار ہمدردی کیا۔

اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ ملک عاشق پرویز نے پارٹی کے لیے گرانقدر خدمات انجام دیں اور ان کی وفات پارٹی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے کارکنوں کو ہمیشہ اپنی طاقت اور سرمایہ سمجھتی ہے۔