مون سون بارشوں سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند، گڈو بیراج پر بہاؤ میں اضافہ

گڈو بیراج سے پانی کا اخراج 1 لاکھ 82 ہزار 185 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

July 26, 2026 · قومی

ملک کے مختلف علاقوں میں جاری مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے، جبکہ گڈو بیراج پر پانی کے بہاؤ میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 17 ہزار 45 کیوسک ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں 44 ہزار 324 کیوسک کا اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گڈو بیراج سے پانی کا اخراج 1 لاکھ 82 ہزار 185 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت بیراج پر صورتحال معمول کے مطابق ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔

ماہرین کے مطابق گڈو بیراج پر تقریباً 4 لاکھ کیوسک پانی زرعی ضروریات کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے، جبکہ اگر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر جائے تو دریائے سندھ کے کچے کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔

متعلقہ ادارے دریائے سندھ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پانی کے بہاؤ کی نگرانی جاری ہے۔