محسن نقوی نے تربت میں ایف سی کے جدید ہسپتال کا افتتاح کر دیا
ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے ملاقات کی اور انہیں مریضوں کی خدمت کو اولین ترجیح دینے کی تلقین کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ایف سی ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، جن میں او پی ڈی، مختلف وارڈز، ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین رومز کے علاوہ آپریشن تھیٹر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے ملاقات کی اور انہیں مریضوں کی خدمت کو اولین ترجیح دینے کی تلقین کی۔
محسن نقوی نے مختصر مدت میں جدید ہسپتال کی تعمیر اور اسے فعال بنانے پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تربت جیسے علاقے میں جدید طبی سہولتوں پر مشتمل ہسپتال وقت کی اہم ضرورت تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال سے نہ صرف ایف سی کے اہلکار بلکہ تربت اور گرد و نواح کی مقامی آبادی بھی جدید طبی سہولتوں سے مستفید ہو سکے گی، جس سے علاقے میں صحت کی سہولتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ بعد ازاں آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے فورس کی پیشہ ورانہ تربیت، سیکیورٹی انتظامات اور جاری فیلڈ آپریشنز پر بھی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف فورس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔