HIV سے بچاؤ کی سستی دوا تیار،غریب ممالک کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان
یہ دوا ماہانہ ایک مرتبہ استعمال کی جا سکے گی، جبکہ دوا لینے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد اس کا اثر شروع ہونے کی توقع ہے۔
امریکی دوا ساز کمپنی مرک نے ایچ آئی وی (HIV) سے بچاؤ کے لیے ایک نئی تجرباتی دوا “الیماٹراویر”تیار کرنے میں اہم پیش رفت کا اعلان کیا ہے، جو کامیاب ہونے کی صورت میں صرف ایک گولی کے ذریعے ایک ماہ تک وائرس سے تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق الیماٹراویر اس وقت کلینیکل ٹرائلز کے تیسرے اور آخری مرحلے میں ہے۔ اگر آزمائشیں کامیاب رہیں اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے منظوری مل گئی تو یہ دوا ماہانہ ایک مرتبہ استعمال کی جا سکے گی، جبکہ دوا لینے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد اس کا اثر شروع ہونے کی توقع ہے۔
مرک نے بتایا کہ دوا کی کم قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے سات جنیرک دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ رضاکارانہ اور رائلٹی فری لائسنسنگ معاہدے کیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت 129 کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں اس دوا کے سستے متبادل تیار اور فراہم کیے جا سکیں گے، جہاں ایچ آئی وی کے نئے مریضوں کی تعداد نسبتاً زیادہ ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ممکنہ منظوری سے قبل ہی دوا کی پیداواری صلاحیت بڑھانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ منظوری ملتے ہی ضرورت مند ممالک تک اس کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔
ماہرین کے مطابق اگر الیماٹراویر آزمائشوں میں کامیاب ثابت ہوتی ہے اور باقاعدہ منظوری حاصل کر لیتی ہے تو یہ ایچ آئی وی سے بچاؤ کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ان ممالک میں جہاں سستی اور مؤثر حفاظتی ادویات کی ضرورت زیادہ ہے۔