مضبوط جمہوریت کے لیے ووٹ ضرور دیں، چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کی عوام سے اپیل
سیکیورٹی فورسز اور کوئیک رسپانس فورس پولنگ کے دوران تعینات رہیں گی تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا ووٹ ڈال سکیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں ہونے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں اور اپنا حقِ رائے دہی ضرور استعمال کریں۔
اپنے بیان میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹ دینا ہر شہری کا قومی، آئینی اور اسلامی فریضہ ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ گھروں سے نکل کر اپنی پسند کے امیدوار کا انتخاب کریں، کیونکہ حقِ رائے دہی کا استعمال مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنز پر جامع سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور کوئیک رسپانس فورس پولنگ کے دوران تعینات رہیں گی تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا ووٹ ڈال سکیں۔
جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے واضح کیا کہ انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ووٹرز کی پولنگ اسٹیشنز تک آمد و رفت کے دوران بھی سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لے کر اپنی جمہوری ذمہ داری ادا کریں اور اپنے ووٹ کے ذریعے بہتر نمائندوں کا انتخاب کریں تاکہ عوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔