پیٹرول پمپس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا فیصلہ
نئے نظام کے تحت فلنگ اسٹیشنز کو مخصوص اسمارٹ فونز استعمال کرنے کا پابند کیا گیا ہے
اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر کے پیٹرول پمپس کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت فلنگ اسٹیشنز پر تیل کی آمد، فروخت اور دستیاب اسٹاک کی ریئل ٹائم نگرانی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے تجویز کردہ اسمارٹ فون اور خصوصی موبائل ایپ کے ذریعے پیٹرول پمپس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت فلنگ اسٹیشنز کو مخصوص اسمارٹ فونز استعمال کرنے کا پابند کیا گیا ہے، جبکہ ہر پیٹرول پمپ کے لیے دو موبائل فونز لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ بتایا گیا ہے کہ مخصوص اسمارٹ فونز کی فراہمی کے لیے پمپ مالکان سے فی فون 72 ہزار روپے تک وصول کیے گئے۔
پیٹرول پمپ مالکان نے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مخصوص موبائل فون خریدنے پر مجبور کیا گیا، جبکہ فراہم کیے گئے فونز کی خریداری کے اخراجات اور کٹوتیوں کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جانی چاہئیں۔
پمپ مالکان کا مؤقف ہے کہ اگر اوگرا کی موبائل ایپ آسانی سے عام اسمارٹ فونز پر دستیاب ہو سکتی ہے تو اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی ضرورت کیا تھی۔ انہوں نے اس معاملے پر وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام کا مقصد تیل کی مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور اسٹاک میں ہیر پھیر کی روک تھام ہے۔ اس نظام سے مستقبل میں حکومتی سبسڈی پروگرامز کو بھی زیادہ شفاف انداز میں چلانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔