کراچی:منور چورنگی انڈر پاس عوام کے لیے کھول دیا گیا

منصوبہ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے 16 ماہ میں مکمل کیا، جس پر تقریباً 2 ارب روپے لاگت آئی۔

July 26, 2026 · قومی
کراچی:منور چورنگی انڈر پاس عوام کے لیے کھول دیا گیا

کراچی: گلستانِ جوہر میں منور چورنگی پر تعمیر کیا گیا نیا انڈر پاس عوام کے لیے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، جس سے شہر کے مصروف ترین علاقوں میں آمدورفت مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔

انڈر پاس کا افتتاح صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کیا۔ اس موقع پر حکام نے منصوبے کی تکمیل کو شہر کے ٹریفک نظام کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

حکام کے مطابق منور چورنگی انڈر پاس تقریباً 500 میٹر طویل ہے، جبکہ اس کے دونوں اطراف دوطرفہ ٹریفک کے لیے 24 فٹ چوڑی سڑک تعمیر کی گئی ہے۔ منصوبہ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے 16 ماہ میں مکمل کیا، جس پر تقریباً 2 ارب روپے لاگت آئی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انڈر پاس کو فوری طور پر عوام کے استعمال کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ اس کا باضابطہ افتتاح بعد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں اور مختلف ٹاؤنز میں جاری ترقیاتی کاموں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں کام میں سستی یا شکایات سامنے آئیں گی وہاں تحقیقات کے بعد ضروری کارروائی کی جائے گی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے لیے متعدد انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں انڈر پاسز، فلائی اوورز اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔

انہوں نے سندھ کی تقسیم سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ ناقابلِ تقسیم ہے اور حکومت شہر کی ترقی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنے منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے مزید منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔