چاغی میں نامعلوم مسلح افراد نے 5 گیس باؤزر ٹرک نذرآتش کر دیے

یہ گیس باؤزرز خالی تھے جو ایران کے سرحدی شہر تفتان ایل پی جی لینے جا رہے تھے ، بابر یوسفزئی

July 27, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی میں نامعلوم مسلح افراد نے 5 گیس باؤزر ٹرکوں کو نذرآتش کر دیا۔

انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان باؤزر کو نوکچاہ کے علاقے میں نذرآتش کیا گیا۔

اہلکار نے بتایا کہ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں تاہم آگ کی وجہ سے ان ٹرکوں کے انجنوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

حکومت بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے بتایا کہ یہ گیس باؤزرز خالی تھے جو ایران کے سرحدی شہر تفتان ایل پی جی لینے جا رہے تھے۔

بلوچستان میں گذشتہ چند ماہ سے ایران سے ایل پی جی لانے والے گیس باؤزرز کے علاوہ معدنیات لے جانے والے مال بردار گاڑیوں پر حملے کیے جا رہے ہیں۔اب تک ان حملوں میں درجنوں باؤزرز، ٹرک اور کنٹینرز کو نقصان پہنچا ہے۔

تاجر رہنما صلاح الدین خلجی نے بتایا کہ کوئٹہ تفتان شاہراہ پر ہونے والے حملوں کے علاوہ ایران کے ساتھ بارڈر مسائل کی وجہ سے سرحدی شہر تفتان میں 400 کے قریب گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔