راولپنڈی پولیس کا اہم الرٹ، سی پی او آفس کا سرکاری واٹس ایپ نمبر ہیک، عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت
اس نمبر سے آنے والے کسی بھی پیغام پر یقین نہ کریں اور کسی بھی مشکوک لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں۔
راولپنڈی: راولپنڈی پولیس نے شہریوں کے لیے اہم سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سی پی او آفس کا سرکاری واٹس ایپ نمبر 03078883800 ہیک ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہری مذکورہ نمبر سے موصول ہونے والے کسی بھی پیغام، کال یا لنک پر ہرگز توجہ نہ دیں اور نہ ہی اس کا جواب دیں، کیونکہ ہیکرز اس نمبر کے ذریعے دھوکہ دہی کی کوشش کر سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پنجاب پولیس کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے بیان میں بھی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس نمبر سے آنے والے کسی بھی پیغام پر یقین نہ کریں اور کسی بھی مشکوک لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں۔
الرٹ *ALERT*
سی پی او آفس راولپنڈی کا ایک واٹس ایپ نمبر ہیک ہو گیا ہے،
اس حوالے سے واٹس ایپ نمبر 03078883800 سے موصول ہونے والے کسی بھی میسج کا جواب دینے سے گریز کیا جائے،
ہیکنگ میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے،
شہریوں سے التماس ہے کہ مذکورہ نمبر سے موصول
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) July 26, 2026
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی مدد سے ہیکنگ میں ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات، بینکنگ تفصیلات، پاس ورڈز یا کسی بھی قسم کے تصدیقی کوڈ نامعلوم افراد کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں اور صرف راولپنڈی پولیس کے تصدیق شدہ سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔
راولپنڈی پولیس نے کہا ہے کہ عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال یا مدد کے لیے فوری طور پر 15 پر رابطہ کریں۔