آزاد کشمیر کے عام انتخابات کا آغاز، میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ جاری

انتخابی عمل کے لیےمیرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

July 27, 2026 · قومی

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ میرپور ڈویژن کے اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے مجموعی طور پر 13 انتخابی حلقوں میں ووٹر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح مقررہ وقت پر شروع ہوئی اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابی عمل کے لیےمیرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

 

انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں، جو مختلف حلقوں سے کامیابی کے لیے مدمقابل ہیں۔

 

پولنگ اسٹیشنوں کی تقسیم کے مطابق ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں ایک ہزار 107 اور ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

 

انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر پرامن ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں۔