چاغی میں نامعلوم مسلح افراد نے پانچ گیس باؤزر ٹرکوں کو آگ لگا دی

واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ لگنے سے ٹرکوں کے انجن اور دیگر حصوں کو شدید نقصان پہنچا۔

July 27, 2026 · قومی

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی میں نامعلوم مسلح افراد نے پانچ گیس باؤزر ٹرکوں کو آگ لگا دی، جبکہ ضلع واشک میں متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے شیوخ کے فارم ہاؤس پر حملہ کرکے متعدد گاڑیاں لے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق چاغی کے علاقے نوکچاہ میں نامعلوم افراد نے ایران جانے والے پانچ خالی گیس باؤزر ٹرکوں کو نذرآتش کر دیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ لگنے سے ٹرکوں کے انجن اور دیگر حصوں کو شدید نقصان پہنچا۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ گیس باؤزر ایران کے سرحدی شہر تفتان سے ایل پی جی لانے کے لیے جا رہے تھے۔

ادھر تاجروں کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران ایران سے ایل پی جی اور معدنیات لانے والی مال بردار گاڑیوں پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث متعدد ٹرک، باؤزر اور کنٹینرز کو نقصان پہنچ چکا ہے۔

تاجر برادری کا کہنا ہے کہ سرحدی مسائل اور سیکیورٹی خدشات کے باعث تفتان میں سیکڑوں مال بردار گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں، جبکہ قافلوں کی صورت میں روانہ ہونے والی بعض گاڑیوں کو بھی راستے میں حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ اہم قومی شاہراہوں اور تجارتی راستوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق چمن، تفتان، کوئٹہ، کراچی، جیکب آباد اور ژوب جانے والے اہم تجارتی راستوں پر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ضلع واشک کے علاقے شمسی میں نامعلوم مسلح افراد نے متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے شیوخ کے فارم ہاؤس پر حملہ کیا اور وہاں سے چھ گاڑیاں لے گئے۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں بھی کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

سیکیورٹی اداروں نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔