ٹماٹر کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، اسلام آباد میں فی کلو 400 روپے تک پہنچ گیا

سپلائی میں رکاوٹ، مقامی پیداوار میں کمی اور طلب میں اضافے کے باعث ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔سبزی فروش

July 27, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث شہریوں کو سبزی خریدنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف مارکیٹوں میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 277 سے 400 روپے تک ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ٹماٹر کا معیار تسلی بخش نہیں، جبکہ بہتر معیار کا ٹماٹر 400 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے گھریلو بجٹ مزید متاثر ہو رہا ہے۔

سبزی فروشوں کے مطابق بارڈر پر سپلائی میں رکاوٹ، مقامی پیداوار میں کمی اور طلب میں اضافے کے باعث ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک رسد معمول پر نہیں آتی، قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان کم ہے۔

دوسری جانب خریداروں نے مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔

ادھر کراچی میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں، جہاں مختلف مارکیٹوں میں ایرانی اور کوئٹہ سے آنے والے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث صارفین پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑ رہا ہے۔