پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں اور عوامی مقامات پر جمع ہونے والے بارش کے پانی میں نہانے کی اجازت نہیں ہوگی

July 27, 2026 · قومی

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے عوامی تحفظ کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے بارش کے پانی اور مختلف آبی مقامات پر نہانے، تیراکی اور بغیر اجازت کشتی رانی پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں اور عوامی مقامات پر جمع ہونے والے بارش کے پانی میں نہانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح دریا، نہریں، ڈیم، جھیلیں، تالاب اور ڈسٹری بیوٹریز میں ہر قسم کی تیراکی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق آبی مقامات پر بغیر اجازت کشتی رانی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ احکامات ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت جاری کیے گئے ہیں اور آئندہ 60 روز تک نافذ العمل رہیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران شدید بارشوں، آبی گزرگاہوں میں پانی کی بلند سطح اور ممکنہ حادثات کے خطرے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نشیبی علاقوں اور کھلی جگہوں پر جمع بارش کے پانی میں نہانے سے خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جبکہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں اور جھیلوں میں پانی کا بہاؤ معمول سے زیادہ ہونے کے باعث تیراکی اور کشتی رانی بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

محکمہ داخلہ نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ عوام کو ان پابندیوں سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔