گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس،ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی۔

July 27, 2026 · قومی

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس میں گرفتار ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

عدالت نے ملزم کو دوبارہ 3 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے اسے مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی۔

سماعت کے دوران پولیس نے ملزم سعد عباسی کو پہلے سے حاصل جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔ پراسیکیوشن کی جانب سے مزید تفتیش کے لیے ملزم کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی تھی۔

پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین کیانی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا گیا ہے، جسے ملزم نے مبینہ طور پر واردات کے بعد چھپا دیا تھا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم سے موبائل فون کی برآمدگی اور دیگر اہم پہلوؤں پر تفتیش ابھی باقی ہے، جس کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا، جسے بعد میں سناتے ہوئے ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔