پنجاب سے آزاد کشمیر بھیجی گئی الیکٹرک بسیں انتخابات کے بعد چلائی جائیں گی، الیکشن کمیشن
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے تمام بسوں کو سول سیکرٹریٹ مظفرآباد کی پارکنگ میں کھڑا کروا دیا گیا ہے۔
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی الیکٹرک بسوں کو عام انتخابات 2026 کے بعد عوامی سہولت کے لیے سڑکوں پر چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مظفرآباد شہر کے لیے فراہم کی گئی 10 الیکٹرک بسیں مظفرآباد پہنچ چکی ہیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے تمام بسوں کو سول سیکرٹریٹ مظفرآباد کی پارکنگ میں کھڑا کروا دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ یہ تمام بسیں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے پُرامن، شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے بعد عوامی سہولت کے لیے سڑکوں پر چلائی جائیں۔
پریس ریلیز کے مطابق انتخابی عمل مکمل ہونے تک تمام الیکٹرک بسیں سول سیکرٹریٹ مظفرآباد کی پارکنگ میں موجود رہیں گی اور انتخابات کے بعد انہیں عوام کے لیے آپریشنل کر دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد اور انتخابات کے دوران غیر جانبدارانہ ماحول برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔