پیپلز پارٹی نے رانا ثناء اللہ کے الزامات مسترد کر دیے
پارٹی پہلے دن سے مطالبہ کر رہی ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات آزاد، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد کیے جائیں۔ندیم افضل چن
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور انتخابی عمل سے متعلق رانا ثناء اللہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر غیر جانبدارانہ انتخابات یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے اپنے بیان میں کہا کہ پارٹی پہلے دن سے مطالبہ کر رہی ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات آزاد، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران وفاقی حکومت یا سرکاری مشینری کے کسی بھی قسم کے اثر و رسوخ سے گریز کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات اور سرکاری وسائل کے استعمال پر پیپلز پارٹی کو تحفظات ہیں۔
ندیم افضل چن کے مطابق پیپلز پارٹی اس معاملے پر متعدد بار الیکشن کمیشن سے رابطہ کر چکی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کو ہر قسم کے دباؤ اور مداخلت سے پاک رکھا جائے۔
انہوں نے رانا ثناء اللہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعتراضات کے بجائے حقائق کو سامنے لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی سیاسی جماعت کو عوامی حمایت پر اعتماد ہے تو اسے انتخابی میدان میں مقابلہ کرنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ پارٹی کا مؤقف واضح ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف، غیر جانبدار اور عوام کی مرضی کے مطابق ہونے چاہئیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے صبر کا مظاہرہ کرنے اور عوام کو آزادانہ طور پر ووٹ کا حق استعمال کرنے دینے کی اپیل کی۔