پشاور میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ، ایک دہشتگرد ہلاک

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا تاکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔

July 27, 2026 · قومی

پشاور: ریگی ماڈل ٹاؤن اور جمرود سے ملحقہ علاقوں میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق رات گئے ہونے والے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ پولیس نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے دہشتگردوں کا بھرپور مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک دہشتگرد مارا گیا، جبکہ دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا تاکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔

پولیس حکام کے مطابق فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔