پنجاب میں دریاؤں کی سیلابی صورتحال میں بہتری، بیشتر مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول پر آ گیا
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی دیکھی گئی
لاہور: پنجاب میں دریاؤں کی سیلابی صورتحال میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بیشتر مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کی سطح پر واپس آ گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی دیکھی گئی۔ تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ اور تونسہ کے مقامات پر اب بھی نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
حکام کے مطابق کالاباغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ ایک ہزار کیوسک جبکہ تونسہ کے مقام پر 3 لاکھ 85 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، تاہم تونسہ بیراج پر صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
ادارے کے مطابق دریائے چناب میں سیلابی کیفیت میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور مرالہ، خانکی، قادر آباد، تریموں اور پنجند کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول پر آ چکا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج اور دریائے جہلم میں بھی پانی کی صورتحال معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 63 ہزار کیوسک اور سدھنائی پر 53 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر صورتحال معمول پر ہے۔
دوسری جانب وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 4 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ کے مطابق بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا تھا، تاہم بارشوں میں کمی کے بعد دریاؤں میں طغیانی کی شدت کم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل رکھے گئے ہیں۔