عطاء تارڑ کا آزاد کشمیر انتخابات میں ن لیگ کی برتری کا دعویٰ

ابتدائی معلومات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو پہلے مرحلے میں واضح برتری حاصل ہے اور امید ہے کہ کشمیر میں شیر کامیاب ہوگا۔

July 28, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں سیاسی جماعتوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا اور انتخابی عمل شفاف طریقے سے مکمل ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عطاء تارڑ نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو پہلے مرحلے میں واضح برتری حاصل ہے اور امید ہے کہ کشمیر میں شیر کامیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔ میاں نواز شریف کی قیادت میں پارٹی نے بھرپور انتخابی مہم چلائی اور اچھا الیکشن لڑا۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے انتخابی عمل میں عوامی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیا، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔