اسلام آباد پولیس نے کورنگ نالے میں پھنسے دو نوجوانوں کو بحفاظت بچا لیا
واقعہ سمبلی ڈیم روڈ پر کورنگ نالے کے قریب پیش آیا، جہاں دونوں نوجوان کباڑ اکٹھا کرنے کے لیے نالے کے نیچے گئے ہوئے تھے۔
اسلام آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کورنگ نالے میں پھنسے دو نوجوانوں کو بحفاظت نکال لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ سمبلی ڈیم روڈ پر کورنگ نالے کے قریب پیش آیا، جہاں دونوں نوجوان کباڑ اکٹھا کرنے کے لیے نالے کے نیچے گئے ہوئے تھے۔
اسی دوران اچانک پانی کے بہاؤ میں تیزی آ گئی، جس کے باعث دونوں نوجوان نالے میں پھنس گئے اور باہر نکلنے سے قاصر ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ بارہ کہو پولیس موقع پر پہنچی اور فوری ریسکیو کارروائی شروع کی۔ پولیس اہلکاروں نے بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو بحفاظت نالے سے نکال لیا۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور نشیبی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔