پاکستان ریلویز کی شالیمار ایکسپریس ایک ماہ کے لیے معطل

متاثرہ ریلوے پل اور ٹریک کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ صورتحال بہتر ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔

July 29, 2026 · قومی

 لاہور: پاکستان ریلویز نے لاہور سے کراچی کے درمیان چلنے والی پریمیئم ٹرین شالیمار ایکسپریس کو ایک ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔

ریلوے انتظامیہ کے مطابق شالیمار ایکسپریس لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی کے لیے چلائی جاتی ہے،

تاہم قلعہ ستار شاہ مسن کالر ریلوے پل کو سیلابی پانی سے نقصان پہنچنے کے باعث لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرین آپریشن متاثر ہوا ہے۔

حکام کے مطابق ریلوے ٹریک کی صورتحال کے باعث شالیمار ایکسپریس کی سروس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ ٹرین پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے چلائی جاتی ہے۔

دوسری جانب لاہور سے کراچی جانے والی قراقرم ایکسپریس کا روٹ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق قراقرم ایکسپریس اب براستہ ساہیوال کراچی روانہ کی جا رہی ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ریلوے پل اور ٹریک کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ صورتحال بہتر ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔