وفاقی تعلیمی بورڈ نے نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کر دیے

امتحانی پرچوں کی جانچ کے لیے 4855 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ پیپر چیکنگ کے عمل کے لیے مجموعی طور پر 10 ہزار 706 اساتذہ نے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔

July 29, 2026 · قومی

 اسلام آباد: وفاقی تعلیمی بورڈ نے نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات برائے سال 2026 کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔ نتائج کے اعلان کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے۔

حکام کے مطابق رواں سال نہم اور دہم جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 92 ہزار 831 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ امتحانات کے دوران نقل کے 86 کیسز رپورٹ ہوئے۔

وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق امتحانات کے لیے ملک بھر میں مجموعی طور پر 1006 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے، جبکہ امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے 2012 سپروائزری اسٹاف اور 6996 انویجیلیٹرز تعینات کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی پرچوں کی جانچ کے لیے 4855 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ پیپر چیکنگ کے عمل کے لیے مجموعی طور پر 10 ہزار 706 اساتذہ نے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔

وفاقی تعلیمی بورڈ کے حکام نے کہا کہ نتائج کے اجرا کے لیے تمام مراحل مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے گئے اور طلبہ کو شفاف نظام کے تحت نتائج فراہم کیے گئے ہیں۔