راولاکوٹ میں پرتشدد واقعات،حملہ آور گروہوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے:ایس ایس پی خاور علی شوکت

قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور کارروائی صرف ان مقامات پر کی جا رہی ہے جہاں سے مسلح افراد کی جانب سے حملے کیے جا رہے ہیں

July 29, 2026 · قومی

راولاکوٹ: ترجمان آزاد کشمیر پولیس ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں پیش آنے والے واقعات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحمل کا مظاہرہ کیا، تاہم مسلح افراد کی جانب سے حملوں کے بعد قانونی کارروائیاں کرنا ضروری ہو گیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے پرامن تحریک کا دعویٰ کیا جا رہا تھا، تاہم حالیہ واقعات میں تشدد، اشتعال انگیزی اور فورسز پر حملوں کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مختلف مقامات پر مسلح افراد جدید ہتھیاروں کے ساتھ مورچہ بند ہو کر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کرتے رہے، جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔

 

ایس ایس پی خاور علی شوکت کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں نے ہمیشہ صورتحال کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی، تاہم جب مسلح افراد کی جانب سے حملے کیے گئے تو آئینی اور قانونی ذمہ داری کے تحت کارروائی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا، جبکہ گرفتار افراد کے قبضے سے مختلف اقسام کا اسلحہ، گولیاں اور جدید ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔

ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا کہ برآمد ہونے والے اسلحے میں خودکار ہتھیار بھی شامل ہیں، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر واقعات سے متعلق مختلف بیانیے سامنے آ رہے ہیں، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔

ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور کارروائی صرف ان مقامات پر کی جا رہی ہے جہاں سے مسلح افراد کی جانب سے حملے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے امن، بھائی چارے اور معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔